خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ آپریشن خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیےسینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ 10 فروری کو کرک کے تخت نصرتی اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے امن جرگے نے دہشت گردوں کو تین دن کا الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ ضلع چھوڑ دیں یا پھر قبائلی لشکر کے آپریشن کا سامنا کریں۔ جرگے نے دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے والوں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
کچھ دن بعد کرک میں ایک اور جرگے کے بعد جیل چوک سے صدام چوک تک ایک امن مارچ کیا گیا، جس میں مقررین نے خٹک قبیلے کی قوم کی حفاظت کے لیے کی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا اور دیرپا امن قائم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔