پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم/ وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ "پاکستان اور افغانستان کے تعلقات 19 اپریل 2025 کو کابل میں پاکستانی وفد کے ہمراہ میرے انتہائی نتیجہ خیز دورے کے بعد مثبت سمت پر گامزن ہیں۔ اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے، میں حکومت پاکستان کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ کابل میں اپنے ناظم الامور کا درجہ بڑھا کر سفیر کی سطح تک کیا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ قدم اقتصادی، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں پاک-افغان تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔”
ماہرین کے مطابق سفیر کی سطح پر تعلقات کی بحالی سے نہ صرف سفارتی رابطے بہتر ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، نقل و حرکت اور ثقافتی تبادلے کو بھی تقویت ملے گی۔ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آ رہے تھے، اور یہ فیصلہ ان کوششوں کو ایک نئی جہت فراہم کرے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تاریخ میں اتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں، لیکن موجودہ حکومتیں خطے میں امن اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس نئی سفارتی پیشرفت کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون تیزی سے آگے بڑھے گا۔