اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا

| شائع شدہ |16:02

پاکستان کے نامور جیولن تھرو ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے جنوبی کوریا کے شہر گومی میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مینز جیولن فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے 86.40 میٹر کی تھرو کر کے مقابلے میں برتری حاصل کی۔

ارشد ندیم نے فائنل میں اپنی تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، جس کے بعد وہ پہلے نمبر پر آگئے۔ اس سے قبل ان کی پہلی تھرو 75.64 میٹر اور دوسری تھرو 76.80 میٹر تھی۔ سری لنکا کے رمیش تھرانگا پاتھیرائجے 82.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ چین کے ہو ہاؤران نے 80.93 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے یشویر سنگھ 80.23 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

پیرس اولمپکس کے بعد یہ ارشد ندیم کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا، جہاں انہوں نے گزشتہ سال 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی ارشد ندیم نے 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ آسانی سے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

ارشد ندیم کی اس کامیابی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے ایک بار پھر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور وہ پاکستان کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے ارشد کی جیت کو سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ قرار دیا۔

چیئرمین پی سی بی نے ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم پاکستان کے ہیرو ہیں اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی یہ جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اس جیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیتنا اور قومی پرچم کو بلند کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

ارشد ندیم اب ستمبر میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے جلد ہی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں