نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج عوامی جمہوریہ چین کے ہانگ کانگ سپیشل ایڈمنسٹریٹو ریجن کے چیف ایگزیکٹو جان لی سے ملاقات کی ہے۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار میڈی ایشن کے کامیاب قیام پر چیف ایگزیکٹو کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ہانگ کانگ کے مشرق و مغرب کو جوڑنے والے عالمی مرکز کے طور پر منفرد کردار اور بین الاقوامی ثالثی میں اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔
پاکستان اور ہانگ کانگ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے کہا ‘ایک ملک، دو نظام’ کے فریم ورک کے تحت شاندار اقتصادی اور سماجی ترقیاتی اقدامات پر چیف ایگزیکٹو اور SAR حکومت کو سراہا ہے۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ اور چیف ایگزیکٹو نے ہانگ کانگ کے ساتھ مختلف شعبوں کے ذریعے اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
IOMed کے آغاز کو صدر شی جن پنگ کے وژن سے متاثر ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے اسے پاکستان کے مکالماتی سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں سے ہم آہنگی قراردیا ہے۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ میں پاکستانی کمیونٹی کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور شہر کے تنوع اور معیشت میں اپنا حصہ ڈالا۔
چیف ایگزیکٹو نے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے دورے کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور ہانگ کانگ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار میڈی ایشن کے قیام پر کنونشن پر دستخط کی باضابطہ تقریب میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ میں موجود ہیں۔