پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے کے باوجود واہگہ بارڈر کراسنگ طویل مدتی ویزا رکھنے والوں کو دونوں طرف سے عبور کرنے کی اجازت دینے کے لیے دو دن کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
جبر رساں ادارے ایکسپریس ٹریبیون میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، طویل مدتی ویزا (ایل ٹی وی) اور نو آبجیکشن ریٹرن ٹو انڈیا (نوری) ویزا رکھنے والوں کو اس عارضی اجازت کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام سے ان لوگوں کی نقل و حرکت ممکن ہو سکے گی جو حالیہ سرحدی بندش کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پیر کو 129 پاکستانی نوری ویزا کے ساتھ بھارت میں داخل ہوئے۔ تاہم ابھی تک کوئی بھی بھارتی شہری پاکستان میں داخل نہیں ہوا ہے اور ان کی آمد منگل اور بدھ کو متوقع ہے۔
پاکستان ان طویل مدتی ویزوں کا اجراء ان بھارتی شہریوں کے لیے کرتا ہے جنہوں نے پاکستانی شہریوں سے شادی کی ہے اور مستقل طور پر ملک میں سکونت اختیار کر لی ہے۔ بھارت اس مقصد کے لیے پاکستانی شہریوں کو نوری سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد بھارت نے واہگہ-اٹاری سرحد بند کر دی تھی اور پاکستانیوں کے لیے مختصر مدت کے ویزے منسوخ کر دیے تھے۔ پاکستان نے بھی ایک دن بعد بھارتی شہریوں کے لیے ایسا ہی کیا تھا۔ ان اقدامات کے تحت متاثر ہونے والے ویزوں میں کاروباری، سیاحتی اور طبی مقاصد کے لیے جاری کردہ ویزے شامل تھے۔ سرحدی بندش کے بعد، ایسی اطلاعات تھیں کہ کئی ویزا ہولڈر دونوں طرف پھنس گئے تھے۔