پیر کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور بنوں پولیس کی مشترکہ کاروائی میں حافظ گل بہادر گروپ کے دو انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
بنوں پولیس نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کو دہشتگردوں کی موجودگی کی ایک خفیہ اطلاع ملی جس پر ڈی ائی جی بنوں ریجن سجاد خان نے سی ٹی ڈی اور بنوں پولیس کو کاروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور بنوں پولیس کا علاقہ ڈومیل کمپنی روڈ پر دہشتگردوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا جس کے بعد پولیس اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا۔ پولیس نے بتایا کہ اس مقابلے کے دوران دو خطرناک دہشت گردوں ہلاک ہوئے جبکہ 4 سے 5 دہشت گرد اندھیرے اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت حسین احمد ولد بلقیازاور انعام عرف طورو عرف جہاد یار ولد عزیز الرحمن سکنہ حیدر خیل شمالی وزیرستان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ہلاک شدہ دہشت گرد سی ٹی ڈی اور پولیس کو دہشتگردی سمیت08 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ بیان میں بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 02کلاشنکوف، 04 ہینڈ گرنیڈ، 06 میگزین، 150 گولیاں اور 02 موبائل فون برآمد کرلئے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی اور بنوں پولیس کی بروقت اور جرأت مندانہ کارروائی سے ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنادیاگیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور بنوں پولیس علاقے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے-