چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (CJCSC)، جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشان امتیاز، نشان امتیاز (ملٹری) نے اپنے سرکاری دورے کے دوران برونائی دارالسلام میں اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عالی جاہ سلطان حاجی حسن البولکیاہ معزالدین ودولہ، سلطان اور یانگ دی پرتوان برونائی دارالسلام، سے خصوصی ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر اور وزیر دفاع-II ینگ ہورمت پہین داتو لیل راجا میجر جنرل (ر) داتو پدوکا سری اواگ حاجی حلبی بن حاجی محمد یوسف اور رائل برونائی آرمڈ فورسز کے کمانڈر میجر جنرل داتو پدوکا سری حاجی محمد ہشزائمی بن بول حسن سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین جے سی ایس سی نے مرا نیول بیس پر کے ڈی بی دارالامان کا دورہ بھی کیا اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمڈ فورسز میں کمانڈ اینڈ سٹاف کورس کے طلباء بشمول 19 غیر ملکی افسران سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے "خطے کے امن و استحکام میں پاکستان کا کردار” کے موضوع پر لیکچر بھی دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران فریقین نے تبدیل ہوتے ہوئے عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین جے سی ایس سی نے برونائی دارالسلام کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات پر زور دیا اور عسکری تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رائل برونائی آرمڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر سی جے سی ایس سی کو ایک چاق و چوبند فوجی دستے نے ‘گارڈ آف آنر’ پیش کیا ہے۔
ہز میجسٹی سلطان اور برونائی دارالسلام کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا ہے۔