قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے872 افراد کے نام مقامی اخبارات میں شائع کر دیے ہیں اور انہیں فوری طور پر اپنی شہریت کی تصدیق کے لیے دستاویزات کے ساتھ نادرا دفاتر میں حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق 872 مشتبہ افراد کی شناخت کی جا چکی جن کا تعلق کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، لورالائی، زیارت، نوشکی، دالبندین اور چاغی اضلاع سے ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر متعلقہ افراد مقررہ مدت میں اپنی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے تو نہ صرف ان کے کارڈز بلاک کیے جائیں گے بلکہ ان کے پورے خاندان کے قومی شناختی کارڈز (CNICs) بھی بلاک کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ وسیع کارروائی ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد خصوصاً افغان مہاجرین کی شناخت اور انخلا کے حکومتی اقدام کا حصہ ہے۔ حکومت پاکستان نے غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کی واپسی کا عمل تیز کر رکھا ہے، اور نادرا کو مشکوک شہریت رکھنے والے افراد کی فہرستیں تیار کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
نادرا حکام کا موقف ہے کہ یہ افراد یا تو دوہری شہریت رکھتے ہیں یا انہوں نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے ہیں۔ تصدیقی عمل مکمل ہونے تک ان افراد کے شناختی کارڈز معطل رہیں گے۔ یہ اقدام ملک کی قومی سلامتی اور درست ڈیٹا بیس کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔