آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر ہے اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ جب تک ملک کے غیور عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، فوج ہر مشکل سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جس پر ہمیں شکر گزار ہونا چاہیے۔
آرمی چیف نے واضح پیغام دیا کہ جو بھی پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنے گا، ہم مل کر اس رکاوٹ کو دور کریں گے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہترین سفیر ہیں اور انہیں اپنی اگلی نسل کو پاکستان کی اصل کہانی سنانی چاہیے۔
آرمی چیف نے کہا کہ جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون ملک پاکستانی اسکی عمدہ ترین مثال ہیں۔
آرمی چیف نے اوور سیز پاکستانیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ "آپ جس ملک میں بھی ہوں، یاد رکھیں کہ آپکی میراث ایک اعلیٰ معاشرے ، نظریئے اور تہذیب سے ہے”
جنرل عاصم منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے ایک روشنی ہیں جو پوری دنیا پر پڑتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائدِ اعظم نے دیکھا تھا۔