شہید میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا، وزیرِاعظم، وزراء اور آرمی چیف کی شرکت

پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ منگل کے روز چکلالہ، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ وہ 2 ستمبر کو بنوں میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد سی ایم ایچ میں جامِ شہادت نوش کرگئے تھے۔ نمازِ جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر عدنان اسلم نے دورانِ آپریشن غیر متزلزل جرات اور شاندار قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جوانوں کو فرنٹ لائن پر خود کمان کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عدنان اسلم  کی بہادری اور استقامت نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نمازِ جنازہ کے بعد، وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آج ہم نے پاکستان کا ایک بہادر بیٹا کھو دیا ہے۔ میجر عدنان اسلم کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی جرات، حب الوطنی اور ایثار اس قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔” وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہید میجر عدنان نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان نچھاور کرکے پاکستان کی بہترین روایات کی پاسداری کی ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہے۔ شہید میجر عدنان اسلم کو ان کے آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں