خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے تحصیل دتہ خیل کے علاقے خرسین اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے سرچ آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔ آپریشن کی تکمیل کے بعد مقامی آبادی کو اپنے گھروں کو واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ایک جاری بیان میں کہا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے یہ آپریشن نہایت اہمیت کا حامل تھا۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خرسین کے لوگوں کے صبر، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کو سراہا ہے اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے کہا کہ اہلیانِ خرسین نے ہمیشہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی بحالی اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
اس اعلان کے ساتھ ہی، خرسین میں زندگی معمول پر آنے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں اور مقامی لوگ اپنے گھروں اور روزمرہ کے معمولات کی طرف لوٹ رہے ہیں۔