جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری، متعدد دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مانڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا ہے، جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ حملے آر پی جی مارٹرز کے ذریعے کیے گئے ۔

پہلا حملہ مانڑہ کے علاقے میں ایک فیلڈر گاڑی پر ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بعد میں دوسرا  حملہ اسی گاڑی پر کیا گیا جس میں تین دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے دو دہشت گرد  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔

اس کاروائی کے کچھ دیر بعد علاقہ متک کلے کے قریب کچے راستے پر دہشت گردوں کی ایک اور فیلڈر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا  جس میں دو دہشت گرد زخمی ہوئے، جس کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس گاڑی کو راکٹ فائر اور فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔

اطلاعات کے مطابق متک کلے میں ہونے والے حملے میں دہشتگردوں کا ایک کمانڈر جس کی شناخت فاتح کے نام سے ہوئی ہے، اس حملے میں  زخمی ہوا ہے۔ دونوں حملوں میں مجموعی طور پر دو دہشت گرد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی زرائع کے مطابق اس کاروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دو جوان زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور مزید کارروائیوں کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں