ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے منگل کے روز ڈی آئی جی آفس بنوں میں تحصیل ککی کے مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد کیا ہے۔جرگے کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا، عوامی مسائل کو سننا اور پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ جرگے میں دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے۔
بنوں کی تحصیل ککی کے مشران نے اپنے علاقوں میں درپیش چیلنجز، جرائم، سماجی برائیوں اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ڈی آئی جی سجاد خان نے ان کے تحفظات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدام کرے گی۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ دیرپا امن کی بنیاد پولیس اور عوام کے باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم ہے۔ انہوں نے تحصیل ککی کے مشران کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام میں ان کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر تحصیل ککی کے مشران نے بھی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امن کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔