امریکہ کا پاکستان کے معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری, 500 ملین ڈالر کا معاہدہ

امریکہ کے اعلیٰ سطحی وفد جس میں معروف امریکی کمپنیاں یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹجک میٹلز  اور موٹا-اینگل شامل تھیں، نے پیر کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان کے معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

وفد نے پاکستان میں معدنیات کی قدر بڑھانے والے پلانٹس کے قیام، معدنی پروسیسنگ کی صلاحیت میں اضافہ، اور کان کنی کے شعبے سے منسلک بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اس دورے کے دوران، دونوں حکومتوں کے درمیان اہم معدنیات ، جن میں نایاب زمینی عناصر بھی شامل ہیں، کی ترقی اور پروسیسنگ کے ساتھ ساتھ لاجسٹکس خدمات پر بھی دو یادداشتوں  پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے پاکستان کے لیے معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کی سب سے بڑی معدنی کان کن کمپنی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن، نے امریکہ کی ایک معروف پروسیسنگ، ری سائیکلنگ اور کان کنی کمپنی، یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹجک میٹلز کے ساتھ ایک تاریخی ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ دفاع، ایرو اسپیس، اور ٹیکنالوجی کی صنعتوں کے لیے اہم معدنیات کی ایک وسیع رینج میں تعاون کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

امریکی سفارت خانے نے اس معاہدے کو امریکہ-پاکستان تعلقات کو مضبوط بنانے اور امریکی انتظامیہ کی اہم معدنی وسائل کو محفوظ بنانے کی پالیسی کے عین مطابق قرار دیا۔

اس مفاہمتی یادداشت میں اینٹیمنی، تانبا، سونا، ٹنگسٹن اور نایاب زمینی عناصر جیسی معدنیات برآمد کرنے کے منصوبے شامل ہیں، جس میں ابتدائی سرمایہ کاری تقریباً 500 ملین ڈالر ہوگی۔

اسی طرح، پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن نے بھی موٹا-اینگل گروپ کے ساتھ ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ موٹا-اینگل کا مقصد پاکستان میں ایسے ترجیحی بازاروں کی نشاندہی کرنا ہے جہاں وہ حکومت کے وژن اور نجی شعبے کے اقدامات کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کر سکیں۔ اس گروپ کا ہدف اپنی عالمی مہارت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار ترقی کے ذریعے طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔

وفد کا یہ دورہ اور ان معاہدوں پر دستخط پاکستان کی جانب سے کان کنی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں