پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ سکردو کے دیوسائی نیشنل پارک میں ایک افسوسناک واقعے میں ریچھ کے حملے سے شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر ریجنل ہسپتال سکردو منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلوکارہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بڑا پانی کیمپ میں موجود تھیں۔ اچانک ایک برونبیئر نے ان پر حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، اگرچہ یہ حملہ اچانک اور شدید تھا لیکن قریب موجود مقامی افراد نے بروقت مداخلت کر کے ان کی جان بچا لی اور ریچھ کو بھگانے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ وائلڈ لائف اور سکردو پولیس نے فوری کارروائی کی اور زخمی گلوکارہ کو ہسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ قرۃ العین بلوچ کے دونوں ہاتھوں پر پنجوں اور دانتوں کے گہرے زخم آئے ہیں۔ ان کی حالت کے پیش نظر انہیں ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا ہے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے اعلان کیا ہے کہ دیوسائی نیشنل پارک میں سیاحوں اور مقامی افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔