خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ میں نامعلوم مسلح افراد نے گشتی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گیٹی داس چوکی کے قریب پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ گیٹی داس پولیس پوسٹ کی موبائل وین معمول کی گشت پر تھی۔ ایک موڑ پر نامعلوم افراد نے اچانک موبائل پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ، شفیع اللہ گنڈا پور، خود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ڈی ایس پی پارس اور ایس ایچ او ناران بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر فورا پہنچ گئے اور فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چلاس پولیس کو بھی الرٹ کیا گیا ہے اور علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر کہا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک آپریشن جاری رہے گا۔