به‌روزرسانی دربارهٔ3 hours ago

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی علاقائی پیش رفت اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری برائے مغربی ایشیا سید اسد گیلانی، پاکستان میں ایرانی سفیر اور دیگر سینئر حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا ہے۔  بعد ازاں وہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے لیے وزارت خارجہ پہنچ گئے۔ وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور برادر ملک ایران کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ دورہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے پہلگام حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ہوا ہے۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف کارروائی کے لیے اپنی افواج کو آپریشنل آزادی دے دی ہے۔ جواب میں پاکستان نے بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کی ہیں اور کئی میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔

اگرچہ وزارت خارجہ کے بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں پاکستان-بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا لیکن رائٹرز کی ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے تصدیق کی ہے کہ یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

نور ولولئ