شدید بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا میں تباہی، 60 افراد جاں بحق

| شائع شدہ |12:47

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 60 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو چکے ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 مرد، 8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ جبکہ زخمی ہونے والے 16 افراد میں 13 مرد، 2 خواتین اور 1 بچہ ہے۔ ان بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 35 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 7 مکمل طور پر منہدم ہو گئے اور 28 کو جزوی نقصان پنہچا ہے۔

متاثرہ علاقے اور امدادی کارروائیاں

یہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام جیسے اضلاع میں پیش آئے ہیں۔ باجوڑ اور بٹگرام کو سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع قرار دیا گیا ہے جہاں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ صوبائی حکومت نے متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بونیر میں امدادی کارروائیوں کے لیے دو ہیلی کاپٹرز بھی روانہ کر دیے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، شدید بارشوں کا یہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ بھیج دیا تھا۔

حکومتی اقدامات اور عوام کے لیے ہدایات

پی ڈی ایم اے نے تمام متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ، تمام متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور تمام متعلقہ ادارے، امدادی ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ رابطے میں ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال کی معلومات یا امداد کے لیے عوام فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ واقعات پاکستان بھر میں جون کے آخر سے جاری مون سون کی تباہ کاریوں کا ایک حصہ ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق، 26 جون سے اب تک ملک بھر میں سیلاب اور شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 325 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 142 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، 743 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ خاص طور پر شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا ان شدید بارشوں سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں