پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے میانوالی کے علاقے کندیاں میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ انتہائی خطرناک دہشت گرد کندیاں کے قریب موجود ہیں اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے جب اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرنے پہنچے تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے 6 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
سی ٹی ڈی نے موقع سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، دو رائفلیں، ہینڈ گرینیڈ اور گولیاں برآمد کیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کو محفوظ بنانے کے اپنے ہدف پر پوری لگن سے کام کر رہی ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔