ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا ہے کہ پاکستان نے جمعرات کی صبح کم از کم 25 ہیروپ ڈرون مار گرائے ہیں۔ ڈرون حملوں میں کم از کم ایک شہری شہید اور چار فوجیوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ حملے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، چور، بہاولپور، راولپنڈی، اٹک، اور کراچی کے قریب ایک علاقے میں ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے ابتدائی طور پر 12 ڈرون مار گرانے کا بتایا تھا بعد میں تعداد بڑھا کر 25 کر دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ
افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آپے سے باہر ہو چکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے پہلے حملے کے جواب کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ردعمل دے رہا ہے۔ احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ صرف ایک ڈرون لاہور میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوکس سیکیورٹی فورسز نے ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ میانوالی میں ڈرون حملے میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
ہیروپ ڈرون اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ایم بی ٹی میزائل ڈویژن نے تیار کیا ہے۔ ڈرون کو ایک ایسا لائیٹرنگ ایمونیشن قرار دیا گیا ہے جو گھنٹوں تک ہوا میں معلق رہ سکتا ہے اور پھر ہدف پر خود کو دھماکے سے اڑا سکتا ہے۔