پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان نےبتایا ہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک افغان شہری کو ہلاک کیا ہے۔
مارے جانے والے افغان شہری کی شناخت لقمان خان عرف نصرت ولد کمال خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاکشدہ افغان باشندے کا تعلق ضلع سپیرا ، صوبہ خوست سے ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ افغان شہری کی لاش افغان عبوری حکومت کو حوالے کرنے کے لیے حکام سے رابطے کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ بھی افغان شہریوں کی پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ایک ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ذمداریوں کو پورا کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال کرنے سے روکے گی۔
یاد رہے کہ چند دن قبل ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جن میں ایک دہشت گرد کی شناخت بدرالدین عرف یوسف کے نام سے ہوئی جو کہ صوبے بادغیس کے نائب گورنر کا بیٹا تھا۔ بعد ازاں لاش کو انگور اڈہ کے کراسنگ پر افغان احکام کے حوالے کی گئی ۔