سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں سپاہی شہید، 8 دہشتگرد ہلاک

| شائع شدہ |11:42

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران پاک فوج کا ایک سپاہی شہید اور آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں اتوار اور پیر کے روز ہوئیں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں ایک خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کیا گیا جس کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم، اس کارروائی میں نائیک مجاہد خان نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید مجاہد خان کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ انہوں نے جام شہادت نوش کر کے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ایک اور آئی بی او شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز نےضلع  بنوں اور خیبر  میں دو علیحدہ کارروائیوں میں تین دہشت گردوں کو  ہلاک کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے یا پکڑنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کی کیا گیا۔

یہ آپریشن چند روز قبل سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک آئی بی او اور اس کے بعد سینیٹائزیشن کارروائی میں 71 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یہ کسی ایک آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی سب سے بڑی تعداد تھی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں