بھارتی جارحیت پر سیاسی جماعتوں کا متفقہ ردعمل، جوابی کارروائی کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان

| شائع شدہ |13:10

پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے بھارتی جارحیت کے خلاف متحد محاذ پیش کرنے کا اعادہ کیا ہے اور پہلگام حملے کے بعد کسی بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کا عزم کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی جماعتوں کو ایک بریفنگ دی، جس میں علاقائی صورتحال اور پاکستان کی فوجی تیاریوں کا احاطہ کیا گیا۔

خبر رساں ادارے ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اتوار کو ایک ان کیمرہ بریفنگ کے دوران مسلح افواج کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق فوج نے سینئر سیاسی رہنماؤں کو کسی بھی جارحیت کا "مناسب جواب” دینے کے لیے اپنی تیاری کا یقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ نے مبینہ طور پر کہا کہ اگرچہ پاکستان علاقائی استحکام کا خواہاں ہے لیکن مسلح افواج کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

ڈان کے مطابق بریفنگ میں شرکاء کو پہلگام میں بھارت کے مبینہ ‘فالز فلیگ آپریشن’  کے بارے میں بتایا گیا اور بریفنگ میں مبینہ طور پر پاکستان کے اندر خاص طور پر بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ویڈیو ثبوت بھی شامل تھے۔

بریفنگ میں شرکت کرنے والے سینیٹر محمد عبدالقادر نے ڈان کو بتایا کہ حملے کے بنیادی مقاصد دریائے سندھ کا پانی موڑنا، مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کو تیز کرنا اور افغان طالبان کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی دہشت گردی پر پردہ ڈالنا تھے۔

ایکسپریس ٹریبیون نے بتایا کیا کہ بریفنگ میں مختلف جماعتوں کے متعدد سیاسی رہنماؤں جن میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی اور دیگر سیاسی قائدین اور نمائندوں نے شرکت کی ہے۔ بریفنگ کے بعد سیاسی قائدین نے مسلح افواج کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا اور ممکنہ بیرونی خطرات کے پیش نظر قومی اتحاد کا اعادہ کیا۔

بریفنگ میں پہلگام واقعے پر بھارتی حکومت کے ردعمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور دیگر جوابی اقدامات شامل ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے اور جوابی اقدامات کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں