مارچ 2025 کے دوران خیبر پختونخوا میں آپریشنز میں 158 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخواہ میں گذشتہ ماہ کے دوران 73 آپریشنز میں 158 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے 15 اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کل 73 آپریشنز کیے گئے۔

 ان آپریشنز میں سب سے زیادہ دہشت گرد قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں مارے گئے جس کی تعداد 40 بتائی گئی۔ دوسرے نمبر پر جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان ہیں جہاں پر 25 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز کے کاروائی میں 20 دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا جس میں کئی مطلوب دہشت گرد بھی نشانہ بنے۔ اسی طرح ضلع بنوں اور مردان میں بلترتیب 18، 18 دہشت گرد کو ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔

قبائلی  ضلع جنوبی وزیرستان میں کیے گئے آپریشنز میں مارچ کے مہینے میں 13 جبکہ میدانی ضلع لکی مروت میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

قبائلی اضلاع باجوڑ اور خیبر میں مجموعی طور پر 10 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

ضلع کرک اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 4 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی ماندہ ہر ضلع میں چارسدہ،  سوات،  ہنگو اور صوبائی دارالخلافہ پشاور میں ایک ، ایک دہشت گرد کو ٹھکانے لگایا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا جو وہ دہشت گرد حملوں میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف استعمال کرتے تھے۔ ان میں دہشت گردوں سے  123 ایس ایم جی، 29 راکٹ لانچر،  9 مشین گن بھی برآمد ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2025 میں ملک میں 105 دہشت گردانہ حملے ہوئے جو نومبر 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر 73 سیکیورٹی اہلکار اور 67 شہری ہلاک ہوئے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں