پولیس اور سیکیورٹی فورسز کرم میں لڑنے والے قبائل کو غیر مسلح کرنے اور بنکرز کو گرانے کی طرف بتدریج پیش رفت کر رہی ہیں۔
ضلع کرم میں امن وامان کی صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے سیکیورٹی فورسز بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مسلح قبائل سے اسلحہ جمع کرنے اور بنکروں کو گرانا جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع میں اب تک 30 بنکرز کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ کرم میں بنکروں کی کل تعداد تقریباً 250 بتائی جاتی ہے۔ حکومت بلا امتیاز دونوں فریقین کے بنائے گئے بنکروں کو مسمار کرنے کا عمل جاری رکھنے پر قائم ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں اطراف کے بنکرز کو بغیر کسی امتیاز کے گرایا جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز کی شر پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ اتوار کو تقریباً 453 ٹرک خوراک، ادویات اور دیگر سامان لے کر علاقے میں پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ 40 ٹرک ابھی بھی ٹل میں پھنسے ہوئے ہیں جو علاقے میں پہنچنے کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں۔
دونوں جانب سے قبائلی رہنماؤں کا امن وامان کے حوالے سے ایک جرگہ بدھ کو ہونے کی توقع ہے۔
ایک ماہ قبل گرینڈ جرگہ کے نتیجہ میں امن معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد قبائلی رہنما معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل جرگے کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ حالات معمول پر لائے جا سکیں ۔