طویل تاخیر کے بعد، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بالآخر جمعہ کے روز اپنی صوبائی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 10 وزراء، دو مشیران اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔ ان کی حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی۔
وزیراعلیٰ نے جن وزراء کے نام فائنل کیے ہیں ان میں مینہ خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم خان، فضل شکور خان، خلیق الرحمان، ریاض خان، سید فخر جہان، عاقب اللہ خان، اور فیصل خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مزمل اسلم اور تاج محمد کو مشیر جبکہ شفیع جان کو خصوصی معاون مقرر کیا گیا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کابینہ کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی جو اس ماہ کے شروع میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اپنی ٹیم کا اعلان کرنے پر اصرار کیا تھا۔ تاہم، ملاقات کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد، عمران خان کی بہن نے انہیں کابینہ کی تشکیل کے لیے "مکمل اختیار” دے دیا تھا۔
کابینہ کی تشکیل میں تاخیر پر اپوزیشن اراکین کی جانب سے مسلسل تنقید کی جا رہی تھی جنہوں نے حکومتی امور رکنے اور صوبے میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے پہلے یہ بھی کہا تھا کہ "کرپشن الزامات اور بدنامی” والے سابقہ وزراء کو نئی کابینہ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
 
				 
															 
								 
								 
								 
								 
								 
								