خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے لونی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں ایک اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی اداروں پر حملوں اور کئی مقدمات میں مطلوب تھے۔
کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے عوام کی مدد سے جلد ہی علاقے کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔