میرانشاہ میں اہم جرگہ، قبائلی اور فوجی قائدین کا یوم دفاع بھرپور طریقے سے منانے کا عزم

| شائع شدہ |13:02

جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل عادل افتخار کی زیر قیادت ضلع شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں جمعہ کے روز ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ اس جرگے میں قبائلی عمائدین، مقامی مشران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر غور و فکر کرنا تھا۔

جی او سی میجر جنرل عادل افتخار نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہا۔

جرگے کے شرکاء نے یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ یوم دفاع یعنی 6 ستمبر بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور علاقے میں دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے عزم کیا کہ وہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے تاکہ فتنہ خوارج کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

جرگے میں علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ تعلیم، سماجی شعور اور نوجوانوں کی مثبت کردار سازی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پرامن اور خوشحال وزیرستان کے قیام کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں