مستونگ میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی 7سال بعد قتل، 5 بھائی نامزد

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے لکپاس میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ لیویز تھانہ ولی خان میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں مقتولہ خاتون کے پانچ بھائیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولین نے سات سال قبل کورٹ میرج کی تھی۔ تاہم حالیہ دنوں میں دونوں خاندانوں کے درمیان راضی نامہ ہو گیا تھا اور مقتولہ کے بھائیوں نے انہیں دعوت پر بلایا تھا۔ مقتولین پنجگور سے زمباد ایک پک-اپ وین میں لکپاس تک پہنچے جہاں قاتلوں نے انہیں نوشکی کراس پر انتظار کرنے کو کہا تھا۔
منگل کی صبح تقریباً 7 بجے دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان موقع پر پہنچے اور ٹی ٹی پسٹل سے فائرنگ کر کے میاں بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے کی سب سے دل دہلا دینے والی بات یہ ہے کہ قاتلوں نے اس جوڑے کو ان کے دو معصوم بچوں کے سامنے قتل کیا اور فرار ہو گئے۔
ملزمان کا تعلق جتوئی بلوچ قبائل سے بتایا جاتا ہے۔ لیویز حکام نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس دوہرے قتل نے علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں