لکی مروت میں شہداء پولیس اہلکاروں کے لواحقین نے پولیس کے یوم شہداء 4 اگست 2025 سے 14 اگست 2025 تک یومِ آزادی کی تمام سرکاری تقریبات سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ 2016 سے شہداء پیکج پر بھرتی ہونے کےباوجود تاحال انہیں ان کا قانونی و آئینی حق نہیں دیا گیا۔احتجاجی بیان میں شہداء کے ورثاء کا کہنا تھا کہ صرف قبروں پر حاضری دینا، پھول چڑھانا اور مٹھائیاں تقسیم کرنا ان کے زخموں کا مداوا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جیتے جاگتے انسانوں کے حقوق دیے جائیں، صرف دعاؤں اور خالی وعدوں سے گزارا ممکن نہیں۔شہداء اہلکاروں کے خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا فوری طور پر شہداء پیکج کے تحت واجبات، سرکاری ملازمتیں، مراعات اور دیگر وعدہ شدہ سہولیات فراہم کریں۔ تاکہ ان کے خاندان باعزت زندگی گزار سکیں۔اس موقع پر شہداء کے اہلِ خانہ نے پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے اور حکامِ بالا کو اپنی آواز پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ
ہمارا بائیکاٹ صرف آغاز ہے۔اگر ہمیں ہمارا حق نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے