پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسسز نے دہشتگردوں کا ایک حملہ اس وقت پسپا کر دیا جب دہشتگردوں کے ایک گروہ نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقہ گلستان میں 27-28 جنوری کے شب پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی ایک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نقصان پنچہانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس میں تمام پانچ دہشت گردوں بشمول دو خودکش بمباروں کی ہلاکت ہو ئی-
سیکیورٹی فورسسز کی بروقت اور بھرپور کارروائی کے باوجود آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دو پاکستانی سپاہی، نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا تاکہ کسی بھی باقی خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کو دوبارہ پختہ کیا اور کہا کہ ان سپاہیوں کی قربانیاں ان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ایک دوسرے واقعہ میں سیکیورٹی فورسز نے پیر کے روز خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مبنی آپریشن بھی کیا۔ اس آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے اور نو دہشت گرد زخمی ہوئے۔