باخبر ذرائع نے بھارت میں غیر قانونی طور پر قید کم از کم 56 پاکستانی شہریوں کے جعلی مقابلوں کے ذریعے قتل کی مبینہ بھارتی سازش کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بھارتی فوجیں ان قیدیوں کو جعلی انکاونٹر میں ہلاک کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہیں۔ ان قیدیوں میں زیادہ تر مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں واقع جیلوں میں قید ہیں۔
اس جعلی مقابلہ کے منصوبے کا مقصد ہے کہ ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کو جھوٹے طور پر ایسے عسکریت پسند ظاہر کیا جائے جنہوں نے پاکستان سے دراندازی کی تھی۔ اس منصوبے تحت بھارت سرحد پار جارحیت کا بہانہ فراہم کرکے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو تقویت دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر متاثرین سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں کی جعلی فوٹیج اور تصاویر بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس کو لیک کی جائیں گی۔ اس جعلی منصوبے میں ان قیدیوں کی ہلاکت کی خبر عام ہونے سے پہلے زبردستی پاکستان مخالف بیانات دینے یا جھوٹے اعترافات کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
ان دعوؤں کی تائید ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے حالیہ بیانات سے بھی ہوتی ہے جنہوں نے بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید پاکستانیوں کے بارے میں معلومات کا انکشاف کیا ہے۔
ڈی جی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ "ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ سینکڑوں پاکستانی جو بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں، انہیں جعلی مقابلوں میں دہشت گرد اور درانداز ظاہر کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔”