پیر کے روز خیبر پختنخواہ کے مختلف اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔اس مہم کا مقصد 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا اور بیماری کے خاتمے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے
خبر کدہ کے نمائندے کے مطابق ضلع ہری پور کی تین تحصیلوں میں 1143 ٹیمیں مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شوذب عباس نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ 5 ہزار 983 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نے خبر کدہ کو بتایا کہ مہم میں ضلع کے 2لاکھ 73ہزارا یک سو 27 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائنگے۔ پولیو ٹیموں کو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ہدایات دی جا چکی ہے۔
خیبر پختنخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں انسداد پولیو مہم کے پرامن انعقاد کےلیے 2500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے گیے۔ ضلعی پولیس آفسیر ضیاء الدین احمد نے بتایا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کیو آر ایف سکواڈز ، ابابیل فورس کیساتھ پولیس موبائل گاڑیاں اپنے اپنے سرکلز میں پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں کرکے مؤثر چیکنگ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع خیبر کے جمرود سخ پل میں ایک ناخوشگوار واقعہ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار نامعلوم افراد کے حملے میں جاں بحق ہوگیا۔ اس پانچ روزہ مہم کے دوران 6 لاکھ سے زائد بچوں کو صوبہ بھر میں پولیو ویکسینیشن کے قطرے پلائے جائیں گے۔