کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کا 19 سالہ انتظار ختم کر دیا

| شائع شدہ |16:24

کویت نے 19 سال کی طویل پابندی کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

 اطلاعات کے مطابق کویتی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے یہ اہم فیصلہ کرتے ہوئے ویزوں پر عائد پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد اب پاکستانی شہری مختلف اقسام کے ویزوں کے لیے درخواست دے سکیں گے جن میں روزگار، خاندانی ملاقات، سیاحت اور تجارتی مقاصد شامل ہیں۔ کویت شعبہ صحت میں پاکستان سے 1200 نرسوں کو ملازمتیں دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے پہلی کھیپ جلد ہی کویت روانہ ہوگی۔

یاد رہے کہ کویت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 2011 میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزے جاری کرنا بند کر دیے تھے۔ اس پابندی کے خاتمے کے لیے مختلف ادوار میں کویتی حکومت کے ساتھ سفارتی سطح پر مذاکرات جاری تھے۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن نے کویت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ویزوں پر عائد پابندی کے خاتمے سے ہزاروں پاکستانیوں کو کویت میں روزگار، تجارت اور سیاحت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب پاکستانیوں کو کویت کے ویزوں کے لیے طویل انتظار کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ یہ ویزے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے بھی حاصل کیے جا سکیں گے۔ فوکل پرسن نے امید ظاہر کی کہ کویت میں روزگار کے بڑھتے ہوئے مواقع پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل کرنے میں بھی مدد دیں گے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں