گلگت بلتستان سکاؤٹس کے چوکی پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی علی الصبح پیش آیا جب گلگت بلتستان کے علاقے چلاس کے قریب شاہراہ قراقرم پر قائم ایک سیکیورٹی چوکی پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے رات 12:15 بجے کے قریب "پہاڑی کی چوٹی سے فائرنگ کی” اور فرار ہونے سے قبل دستی بم اور گولیوں کے خول چھوڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت نائب صوبیدار خوش داد اور حوالدار اشرف کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ لانس نائیک ساجد علی کے پیٹ میں چوٹیں آئیں۔
اطلاعات کے مطابق حکام 20 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو چلاس کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حملے کی فوری مذمت کی گئی۔ وزیر داخلہ شمس الحق لون نے اسے "امن کے خلاف ایک سازش” قرار دیا اور وعدہ کیا کہ ریاست ذمہ داروں کا پیچھا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے بھی اس حملے کو "انتہائی بزدلی کی حرکت” قرار دیا۔
یہ چوکی دسمبر 2023 میں اسی علاقے میں ہونے والے ایک مہلک بس حملے کے بعد قائم کی گئی تھی، جس میں نو مسافر جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے تھے۔