ہرنائی کے کوئلہ کان میں گیس دھماکے سے 6 کان کن زخمی

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ایک کوئلہ کان میں گیس بھرنے سے ہونے والے دھماکے میں کم از کم 6 کانکن زخمی ہو گئے۔ لیویز حکام کے مطابق، یہ واقعہ منگل کے روز طالب لیز میں پیش آیا جہاں مزدور اپنی مدد آپ کے تحت زخمی کانکنوں کو کان سے نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ لیویز حکام نے بتایا کہ مقامی مزدوروں نے اپنی جان پر کھیل کر زخمیوں کو بحفاظت کوئلہ کان سے باہر نکالا ہے۔
زخمی کانکنوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں میں واجد، شیر افضل، امیر محمد، اشرف علی اور آغا محمد شامل ہیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد، تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں