باجوڑ کے 16 علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، کرفیو نافذ

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے 16 علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیوں کے پیش نظر منگل کی صبح 5 بجے سے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ کرفیو 31 جولائی 2025 کی شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو ہونے والے کسی بھی نقصان کا ذمہ دار خود ٹھہرایا جائے گا۔
جن علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے ان میں بادسیاہ، ترخو، ایراب، گٹ، اگرہ، خوڑچئے، داواوگئی، کلان، لغڑئے، کٹکوٹ، گیلئے، نختر، زرئے، ڈمبرئے، امانتا، اور زگئے شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی مدد کے لیے ٹیلی فون نمبرز جاری کیے ہیں۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلع انتظامیہ اور پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ کارروائیاں علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ ان کارروائیوں کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں