وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے امریکی دورے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم ملاقات کیں۔ جبکہ وزارت خارجہ نے چین مخالف گروپوں کے ساتھ محسن نقوی کی ملاقاتوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے اور ان افواہوں کو بے بنیاد کہا ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران ہیوسٹن، ٹیکساس میں امریکی رکن کانگریس ایلگزنڈر گرین سے ملاقات کی، جو ہاؤس فنانشل سروسز کمیٹی کے اہم رکن ہیں۔ محسن نقوی کے دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ملاقات میں افغانستان سے ہونے والی سرحدی دہشت گردی، پاک-امریکہ تعلقات اور فلسطین کی صورتحال جیسے مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے حالیہ قدرتی آفات کے بعد پاکستان کی حمایت کرنے پر گرین کا شکریہ ادا کیا۔ کانگریس مین گرین جو پہلے پاکستان چار آ چکے ہیں، نے مستقبل میں پاکستان کے دوبارہ دورے کی منصوبہ بندی کا عندیہ دیا۔ اس ملاقات میں پاکستان کے قونصل جنرل اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان-امریکہ تعلقات آئندہ دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔
اس دورے کے حوالے سے چند زرائع ابلاغ نے یہ خبریں چلائی کہ نقوی کی ملاقاتیں چین مخالف گروپوں سے ہوئی ہیں۔ اس پر وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔
ترجمان نے پاکستان کی ون چائنہ پالیسی پر پاکستانی عزم کو دوہراتے ہوئے چین کو پاکستان کا صدا بہار اسٹرٹیجک پارٹنر قرار دیا ۔ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور مشترکہ اقدار کے مضبوط تعلقات پر زور دیا۔