وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے منگل کے روز لاچین میں ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ ملاقات آذربائیجان کے یوم آزادی اور پاکستان-آذربائیجان-ترکی سہ فریقی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدہ مند منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھا کر اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کا عہد کیا ہے۔ آذربائیجان کی طرف سے جلد ہی وفود کی سطح پر بات چیت کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ان مواقع کو تلاش کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران آذربائیجان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا اور آذربائیجانی قیادت اور عوام دونوں کی جانب سے عوامی اظہار یکجہتی کو سراہا ہے۔ انہوں نے حالیہ تنازع میں پاکستان کی کامیابی پر آذربائیجانی عوام کے جشن کو بھی نمایاں کیا ہے۔
ملاقات کا اختتام دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاکستان-آذربائیجان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ کئی اعلیٰ پاکستانی حکام بھی اس ملاقات میں شامل تھے جن میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شامل تھے۔