سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں مزید 17 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے سینیٹائزیشن آپریشن میں 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، ایک دن قبل اسی علاقے میں ایک انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 54 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سینیٹائزیشن آپریشن اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک-افغان سرحد کے قریب کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا آپریشن کے دوران سترہ مزید خوارج، جو اپنے بھارتی آقاؤں کے کہنے پر کام کر رہے تھے، سراغ لگا کر کامیابی سے ختم کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ تین دن کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج کی تعداد 71 تک پہنچ گئی ہے۔ اس آپریشن میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے جمعہ اور اتوار کے درمیان حسن خیل میں ایک آئی بی او میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ دہشت گرد اپنے غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پر پاکستان میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں