بنوں میں ہاتھی خیل قوم اور پولیس کی مشترکہ کاروائی، دو دہشت گردوں کا خاتمہ

| شائع شدہ |13:12

بنوں میں پولیس اور ہاتھی خیل قوم کے مشترکہ آپریشن کے دوران ہفتے کے روز دو دہشت گرد مارے گئے، پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ یہ کارروائی احمدزئی تھانے پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے کے بعد کی گئی۔

حکام کے مطابق دہشت گرد اپنے ہلاک اور زخمی ساتھیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے تھے کہ ترخے اوبہ علاقے میں ہاتھی خیل قوم کے افراد سے ان کا آمنا سامنا ہوا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ ہوئی۔

واقعے کے بعد ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں روانہ کر دی اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ علاقے کا امن ہر صورت بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے عوام متحد ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سیکیورٹی فورسز علاقے میں تعینات ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں