شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق قائد کم جونگ اون نے مصنوعی ذہانت سے لیس نئے خودکش ڈرونز کی رونمائی کا معائنہ کیا ہے۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ ان کو ایک رن وے پر ڈرونز کا معائنہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کم جونگ نے ان ڈرونز کی پیداوار کو بڑھانے کے منصوبے کی منظوری دی۔
یہ ڈرونز جنہیں لوئٹرنگ میونیشنز بھی کہا جاتا ہے، بلٹ ان وار ہیڈز لے کر اہداف سے ٹکرانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ان کی اے آئی صلاحیتیں شمالی کوریا کی فوجی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہیں، جو ابتدائی طور پر اگست 2024 میں ان کے ہتھیاروں کے نظام میں اے آئی کو ضم کرنے کے ارادے کے ساتھ عیاں کی گئی تھیں۔
کارنیل بروکس ٹیک پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جیمز پیٹن راجرز نے بی بی سی کو بتایا کہ ان ہتھیاروں کی رہنمائی کرنے والے اے آئی الگورتھم کی مضبوطی اور سیکورٹی پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس ٹیکنالوجی نے ممکنہ طور پر روس کے ساتھ تعاون سے فائدہ اٹھایا ہے جس کے پس منظر میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے قریبی تعلقات ہیں۔
یہ تعاون یوکرین میں روس کی جنگ میں شمالی کوریا کے فوجیوں کی مدد اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ ٹیکنالوجی تبادلے کے معاہدوں کی اطلاعات سے مزید واضح ہوتا ہے۔
ڈرون کے علاوہ شمالی کوریا نے اپنے پہلے فضائی انتباہی طیارے کا بھی انکشاف کیا ہے۔