گزشتہ دو دنوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی چار آپریشنز کیے۔ اطلاعات کے مطابق ان آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ آپریشنز 26 اور 27 مارچ کو دو اضلاع شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کیے گئے۔
وزیرستان کے میر علی علاقے میں ایک آپریشن میں فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ اسی علاقے میں ایک علیحدہ آپریشن میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔ شمالی وزیرستان کے صدرمقام میران شاہ میں دو اور دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
چوتھا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے درابن علاقے میں ہوا جہاں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم عمل تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیے گئے۔ دسمبر میں جاری کیے گئے آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 2024 میں ملک بھر میں 59,775 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے تھے۔ ان آپریشنز کے نتیجے میں 925 دہشت گرد مارے گئے۔