پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے آرمی آڈیٹوریم میں ملاقات کے دوران کہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں پاک فوج کے زمانہ امن کے کردار اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر روشنی ڈالی اور سول و عسکری قیادت کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلح افواج کے متحرک کردار کو بھی اجاگر کیا ہے۔
ائی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سول بیوروکریسی کے ریاستی نظم و نسق میں کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو نصیحت کی کہ وہ قوم کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ ترین معیار پر پورا اتریں ہیں ۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ زیر تربیت افسران نے کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے آپریشنل علاقوں میں مختلف فارمیشنز کے ساتھ منسلک رہ کر تینوں افواج کے بارے میں تجربہ حاصل کیا۔ بیان کے مطابق افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وژن اور پاک فوج کے کردار کو سراہا ہے۔
ائی ایس پی آر کے مطابق دورے کا اختتام ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کے سیشن پر ہوا جو تعمیری مکالمے، مشترکہ ذمہ داری اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی لگن کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔