نوشکی میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار جاں بحق

| شائع شدہ |12:45

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں منگل کو پولیو ویکسینیشن ٹیم پر نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے۔

پولیو ٹیم پر یہ حملہ بلوچستان کے نوشکی ضلع کے علاقے کلی محمد حسنی میں ہوا ہے۔

پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس کی شناخت وحید احمد کے نام سے ہوئی ہے جو جمال آباد کا رہائشی تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو ٹیم کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس مہم کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹے گی۔

ملک گیر پولیو ویکسینیشن مہم پیر کو شروع کی گئی، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے 45 ملین بچوں کو ویکسین پلانا ہے۔ یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان واحد ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی مقامی سطح پر موجود ہے۔ ویکسینیشن کی کوششوں کو متاثر کرنے والے عوامل میں پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی خطرات شامل ہیں، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یہ خطرات زیادہ نمایاں ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں