خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کی خصوصی ہدایت پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ضلع ایک بڑے ممکنہ سانحے سے بال بال بچ گیا۔ تحصیل خار کے علاقے جنت شاہ کے مختلف مقامات سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا جسے بی ڈی ایس ٹیم نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا ہے۔
بی ڈی ایس کی ماہر ٹیم نے مکمل مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف بارودی مواد کو محفوظ طریقے سے ریکور کیا بلکہ اسے بغیر کسی نقصان کے ضائع بھی کر دیا۔ اس بروقت کارروائی سے علاقے کو کسی بھی طرح کے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا اور امن و امان کی فضا برقرار رہی۔
ڈی پی او باجوڑ نے اس کارروائی کی کامیابی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا اور عوام کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کا مضبوط رابطہ کسی بھی علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈی پی او باجوڑ نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر کے مذموم منصوبوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسی علاقے میں بارودی مواد کے ایک افسوسناک دھماکے کے نتیجے میں دو نوجوان شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوا تھا۔ بی ڈی ایس کی آج کی کارروائی ایسے واقعات کی روک تھام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔