بلوچستان کے درالخلافہ کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے کارکنوں نے اپنے مقامی رہنما سردار زادہ میر محمد یوسف قلندرانی کی مبینہ گمشدگی کے خلاف کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق احتجاج کا آغاز سبزی منڈی کے علاقے میں ہوا جہاں جے یو آئی کے کارکنوں نے دھرنا دیا اور رہنما کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ مقامی زرائع کے مطابق انہوں نے شاہراہ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا جس سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔
مقامی زرائع کے مطابق پارٹی کارکنوں نے اعلان کیا ہے کہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قلندرانی کو بازیاب نہیں کر لیا جاتا۔ زرائع کے مطابق سڑک کی بندش کے باعث ملک کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔
اطلاعات کے مطابق جے یو آئی رہنما سردار زادہ میر محمد یوسف قلندرانی، مبینہ طور پر کئی دنوں سے لاپتہ ہیں۔ پارٹی کا الزام ہے کہ انہیں نامعلوم حالات میں "اٹھا لیا گیا” ہے، جس سے کارکنوں اور حامیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
کوئٹہ-کراچی شاہراہ بلوچستان کے دارالحکومت اور بندرگاہی شہر کے درمیان اہم ترین زمینی رابطہ ہے، جس کی وجہ سے یہ بندش خاص طور پر اہمیت کی حامل ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال احتجاج کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔