آرمی چیف سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کی ملاقات، سٹریٹیجک تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر تبادلہ خیال

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جناب علی اردشیر لاریجانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (GHQ) راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس ملاقات کا محور دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کے امور اور پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ دونوں معزز شخصیات نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ سیکیورٹی حرکیات پر بھی تفصیلی گفتگو کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے پیش نظر اسٹریٹیجک تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جناب علی لاریجانی نے خطے میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور ایران-پاکستان تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور طویل المدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دونوں اقوام کے درمیان مذاکرات اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں