دہشتگردوں کے خلاف ہنگو پولیس کی کامیاب کارروائی: ایک دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے تھانہ دوابہ پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کے احکامات پر ڈی ایس پی ٹل مجاہد خان، ایس ایچ او دوابہ عمران الدین خان اور البرق کمانڈوز پر مشتمل ٹیم نے دلن پل کے قریب غیر قانونی ناکہ بندی کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی۔

پولیس پارٹی کے پہنچنے پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے مؤثر جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں ایک دہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

علاقے کو کلیئر کرنے پر ہلاک دہشتگرد کی لاش برآمد ہوئی جس کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد ملا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند نے بہادر جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنگو پولیس اپنے شہداء، بالخصوص شہید ایس پی آپریشن اسد زبیر خان اور دیگر شہداء کے خون کا بدلہ لینے اور علاقے میں امن کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشتگرد کو قانون سے فرار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں