مہمند میں بھتہ خوری کیخلاف ‘سخت کارروائی’ کا اعلان، جرگے میں قبائلیوں کی فوج کو غیر مشروط حمایت

ضلع مہمند کے غلنئی جرگہ ہال میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور کان کنی کی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا ہے۔ جرگے میں کمانڈر 114 بریگیڈ، ڈپٹی کمشنر مہمند، کمانڈنٹ مہمند رائفلز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام، اور تقریباً 300 سے زائد عمائدین اور کان مالکان نے شرکت کی ہے۔

جرگے میں اس تشویش کا اظہار کیا گیا کہ کان مالکان کو نشانہ بنانے والے بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث علاقے میں کئی کانوں کی کارروائیاں بند ہو چکی ہیں، جس سے معیشت متاثر ہو رہی ہے۔

اس موقع پر حکومتی اور فوجی قیادت نے زور دیا کہ ریاست بھتہ خوروں کے خاتمے، معمولات زندگی کی بحالی اور ضلع میں کان کنی کی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

کمانڈر 114 بریگیڈ نے شرکاء کو واضح یقین دہانی کرائی کہ کاروبار کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور کان مالکان کو کسی بھی دہشت گرد یا شرپسند عنصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جواب میں مقامی عمائدین، یونین لیڈران اور کان مالکان نے حکومت اور پاک فوج کے مؤقف کی بھرپور تائید کی۔ انہوں نے شرپسندوں کے خلاف کسی بھی آپریشن میں اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملک صاحبان نے بھی فتنے خوارج کے سدباب کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے علاقے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں